علی گڑھ، 15/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برولی اسمبلی علاقے کے ممبر اسمبلی ٹھاکر دلویر سنگھ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں پھنس گئے ہیں۔گبھانا تحصیل میں بغیر اجازت کے پروگرام کرنے کے الزام میں ایس ڈی ایم نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔گبھانا تحصیل میں وکلاء نے ٹھا کر دلویر سنگھ کا بی جے پی میں شامل ہونے پر استقبال کیا۔اس پروگرام میں بغیر اجازت کے لاؤڈ اسپیکرکے ذریعہ لوگوں سے خطاب کیا گیا۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر اور ایس ڈی ایم گبھانا رام سورت پانڈے نے ٹھاکر اور دیگر کے خلاف بغیر اجازت کے لاؤڈاسپیکر کا استعمال کرنے کے لیے مقدمہ درج کرایا۔ادھر ممبر اسمبلی ٹھاکر دلویر سنگھ نے کہا کہ وہ ابھی کسی سیاسی پارتی کے اعلان کردہ امیدوار نہیں ہیں۔موجود ممبر اسمبلی ہونے کے ناطے وکلاء سے ملاقات کرنے گئے تھے، انہوں نے مجھے اپنے مسائل پر میمورنڈم بھی سونپا، اس کو لوگ توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں، میں نے آج تک انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔